کمٹہ 21 جون (ایس او نیوز): اپنا کام کاج مکمل کر کے گھر لوٹنے کے دوران ایک خاتون بجلی کی تار کی زد میں آکر ہلاک ہونے کی واردات جمعہ کو تعلقہ کے ہرکڑے میں پیش آئی ہے۔
شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ایک باغ کے کمپاونڈ میں غیر قانونی طور پر لگائے گئے بجلی کے تار کے جھٹکے سے اس خاتون کی موت واقع ہوئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مہلوک خاتون کی شناخت سوشیلا امبیگا (55) کے طورپر کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دوپہر دو بجے کے قریب اپنا کام ختم کرنے کے بعد، سوشیلا اپنے گھر لوٹ رہی تھی جس کے دوران اس کی نظر ایک باغ کے احاطے کے پاس پڑے ہوئے ناریل پر پڑی۔ گرے ہوئے ناریل کو حاصل کرنے کی غرض سے جیسے ہی وہ آگے بڑھی۔ کمپاونڈ کے اطراف بچھائی گئی بجلی کی تار کی زد میں آگئی جس پر پیر لگتے ہی اسے بجلی کا جھٹکا لگا اور وہ جائے وقوع پر ہی ہلاک ہوگئی۔
بتایا گیا ہے کہ واردات کے بعد کے ای بی حکام نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور معائنہ کیا۔ اس معاملے میں پتہ چلا ہے کہ کمپاؤنڈ میں غیر قانونی طور پر بجلی کی تار بچھائی گئی تھی۔
اس سلسلے میں کمٹہ پولیس نے بھی جائے وقوع کا دورہ کیا ہے اور معاملے کی چھان بین کی جارہی ہے۔